لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن فیصل آباد نے لاڑکانہ کو 4 وکٹوں جبکہ لاہور وائٹس نے ایبٹ آباد کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ فیصل آباد کو لاڑکانہ کیخلاف جیت کیلئے 173 رنز کا ہدف ملاا جو 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ مشتاق کلہوڑو نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔لاڑکانہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 277 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ لاہور وائٹس کو ایبٹ آباد کیخلاف جیتنے کیلئے 79 رنز کا ہدف ملا جو 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ ایبٹ آباد کی ٹیم دوسری اننگز میں 131 رنز بناسکی تھی۔راولپنڈی کی ٹیم بہاولپور کے 233 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 324 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بہاولپور نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 258 رنز بنائے تھے۔عابدعلی نے 100 رنز بنائے۔ یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 30 ویں سنچری ہے۔ایبٹ آباد میں کراچی وائٹس نے آزاد کشمیر کیخلاف دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 151 رنز بنائے۔کراچی وائٹس کی برتری 219 رنز کی ہوچکی ہے۔ آزاد کشمیر کی ٹیم پہلی اننگز میں 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پشاور کی ٹیم ملتان کے292 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں251 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ معاذ صداقت نے 114 رنز کی اننگز کھیلی۔ملتان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 31رنز بنائے تھے۔ فاٹا کی ٹیم کوئٹہ کے 187 رنز کے جواب میں343 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔کوئٹہ نے دوسری اننگز میں2 وکٹوں پر 66 رنز بنائے تھے۔ سیالکوٹ نے لاہور بلوز کے439 رنز کھلاڑی آؤٹ ڈکلیئرڈ کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 225 رنز بنائے تھے۔