فیروزوالہ(نامہ نگار) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا معاشی اعشاریہ بڑھ رہے ہیں اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ماضی کی طرح فلاپ ہوگا۔ عوام نے احتجاج اور دھرنے کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام آ رہا ہے اور ملکی معیشت مضبوط ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا شیخ رشید سیاسی شیخ چلی ہے۔ وہ قوم کو گمراہ کرنے کیلئے شوشے چھوڑتے رہتے ہیں۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والے اور پاکستان میں امریکی پرچم لہرانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ ن کی جب بھی حکومت آئی، ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔موجودہ حکومت کے ترقیاتی کاموں نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔