لاہور(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی جنرل سیکٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا پنجاب میں طلباء یونین کی بحالی کیلئے اپنے بدترین دشمنوں سے بھی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں۔وہ بھی اور ہم بھی سٹوڈنٹ تنظیموں سے پابندی ہٹنے کے حق میں ہیں۔ وہ پیپلز سٹوڈنٹ فیڈریشن جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام پیپل سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاؤن میں اکٹھے ہونیوالے طلبہ و طالبات سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر پی پی وسطی پنجاب کی کوآرڈینیٹر بشریٰ منظور مانیکا، سبط حسن، مہتاب علی ذیشان ، شیر علی عباسی، عبدالرحمن رحمانی، سائرہ مرزا، صداقت علی، حسن خان، مستنصر کامران، احمد حسن بھی موجود تھے۔ حسن مرتضیٰ نے کہا جب تک یہ پابندی نہیں ہٹے گی تب تک ہم اپنا بڑا مقصد حاصل نہیں کر سکتے۔ سٹوڈنٹس یونین پر پابندی لگا کر ایک ایسی لیڈرشپ کا راستہ روکا گیا جو طلباء اور نوجوانوں میں سے آتی ہے۔