دمشق، بیروت، غزہ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) دہشت گرد اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری رہی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی علاقے میں فضائی حملے کئے،24 گھنٹے میں مزید 33 فلسطینی شہید اور 112 زخمی ہوگئے۔ جبالیہ کیمپ میں گھر پر بمباری کی گئی جس سے بچوں سمیت 10 افراد شہید ہوگئے۔ جبکہ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق ملک کے مشرق میں بعلبک کے علاقے میں شہری دفاع کے ایک مرکز پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔ دوسری جانب لبنانی تنظیم حزب اللہ نے جاری بیان میں دعوی کیا ہے کہ اس نے تل ابیب میں اسرائیلی فوج کی انٹیلی جنس کے زیر انتظام تل حائیم اڈے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی بمباری سے شام کے دارالحکومت دمشق میں 20 افراد کو جاں بحق اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔ حماس نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں جنگ بندی کیلئے تیار ہے۔ نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ جنگ بندی کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔ القسام بریگیڈ نے شمالی غزہ کے علاقے بیت الاہیہ سے اسرائیلی فوجی کو پکڑ لیا۔ جھڑپ کے دوران تین اسرائیلی فوجی ہلاک بھی ہوئے۔ اسرائیلی فوج سے جھڑپوں کی ویڈیو جاری کر دی۔ جھڑپوں میں متعدد اسرائیلی ٹینک تباہ کر دیئے۔عالمی بنک کی رپورٹ کے مطابق لبنان میں اسرائیلی بمباری سے ایک لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا، حزب اللہ سے جنگ میں اقتصادی تعاون 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ۔