پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات کی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کیخلاف ایرانی موقف قابل تعریف ہے۔ ایران نے فلسطین کے مسئلے پر مسلم دنیا کی مؤثر نمائندگی کی۔ اسرائیل بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ مسلم ممالک کو برادرانہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ خیبر پی کے حکومت اور ایرانی قونصلیٹ کے درمیان رابطے ہونے چاہئیں۔ علاوہ ازیں بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہمارے کارکن تو ہم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ احتجاج کی تاریخ دیں، پوری کوشش کریں گے کہ کارکنوں کیلئے تمام انتظامات کریں۔ ایک انٹرویو میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہمارے ورکرز ٹرینڈ ہیں ان کو علم ہے کہ ہر طرح کے حالات ہوسکتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ احتجاج سے نتائج حاصل کیے ہیں، لوگ ہم پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پر مضبوط ڈینٹ ڈالیں گے تاکہ مجبور ہوں اور عوام کا مطالبہ تسلیم کریں۔