اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت اسلام آباد نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سابق خاتون اول کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ وکیل سلمان اکرم راجا نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کا حکم ہے پہلے ملزمان کی بریت پر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے۔ جج نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے اب تک کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تحریری طور پر عدالت میں کہہ رہے ہیں کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے حکم دیا گیا تھا۔ نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ جن وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دلائل دیئے تھے، ان ہی وکلا کی جانب سے تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کیا جانا چاہیے تھا، اگر وکلا تحریری طور پر عدالت کو دے رہے ہیں تو عدالت اس معاملے کو دیکھ لے۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس درخواست پر ان وکلا کے دستخط بھی موجود نہیں جنہوں نے ہائی کورٹ میں دلائل دیئے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ درخواست منظور
Nov 16, 2024