گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) بھکاریوں نے دادی کے چہلم پر سوا کروڑ روپے خرچ کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق راہوالی کی رہائشی معمر خاتون سکینہ بی بی کا گزشتہ روز چالیسواں تھا جس میں ملک بھر سے ہزاروں مہمانوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔ بھیک مانگنے والوں نے اپنی دادی کے چالیسویں کی تقریب میں بکرے ذبح کئے۔ تمام مہمانوں کو کرسیوں پر بٹھا کر کھلا کھانا دیا گیا۔ ناشتے میں سری پائے اور گرم نان چاول پیش کیے گئے۔ شام کے کھانے میں مٹن چاول نان اور میٹھے میں گاجر کا حلوہ اور سیب کا مربہ پیش کیا گیا۔ مرحومہ سکینہ بی بی کی عمر 120 سال بتائی گئی۔ تقریبات راہوالی ریلوے سٹیشن کی گراؤنڈ میں کی گئیں۔ تمام مہمانوں کو تین شفٹوں میں پنڈال میں کرسیوں پر بٹھا کر کھانا پیش کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریب پر سوا کروڑ روپے کے لگ بھگ خرچہ آیا۔
گوجرانوالہ: بھکاریوں نے دادی کے چہلم پر سوا کروڑ روپے خرچ دیئے
Nov 16, 2024