عازمین حج کے لیے خوشخبری، خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی رہائش ملے گی: سالک حسین 

Nov 16, 2024

اسلام آباد (آئی این پی )عازمین حج کے خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی جگہ رہائش ملے گی، جس کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے دوران حج ایک ہی خاندان کی رہائشیں الگ الگ ہوجانے کا حل نکالتے ہوئے بینکوں پر ایک خاندان کے فارم ترتیب وار ایک ہی سیرئل نمبر کے ساتھ جمع کرنے کی پابندی لگادی، جس سے خاندان کے تمام افراد دوران حج حجاز مقدس میں ایک ہی مقام اور کمروں میں رہائش اختیار کر سکیں گے۔ذرائع وزرات مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ایک خاندان کے سیرئل نمبرز کے ساتھ فارم جمع ہونے سے فیملی کو رہائشوں سمیت ایک ہی جگہ اکٹھے رکھنا ممکن ہوسکے گا، جبکہ ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کے وقت بھی اہل خانہ ایک ساتھ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بینکوں کی لاپرواہی سے ایک ہی خاندان کے فارمز الگ الگ سیرئل نمبرز سے جمع ہوجاتے تھے، تاہم اب بینک ایک گھرانے سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی درخواستیں اکٹھی وصول کریں گے، وزارت مذہبی امور کی جانب سے بینکوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ ذرائع وزارت مذہبی امورنے کہا کہ یقینی بنائیں گے کہ ایک خاندان کے تمام افراد کو ایک ہی جگہ رہائش کی فراہمی ممکن ہو سکے، جبکہ ماضی میں الگ  رہائش گاہ اور عبادات کے شیڈول کے باعث عازمین حج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے ڈائریکٹر حج کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عازمین حج کو پہلے سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزیدخبریں