اسلام آباد (آئی این پی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے شیخ رشید کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ بعدازاں شیخ رشید کا کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اللہ تعالی کی مدد سے بری ہوا ہوں، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں، ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے، میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا، مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے، مچھ، لسبیلہ، مری میں کیس ہوا جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمران جماعتوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، یہ لوگ نفرت کا نشان بن چکے ہیں۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اگر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کررہا تو نہ کرے لعنت بھیجو، جو کشمیر ،غزہ اور فلسطین میں ہورہا ہے اس میں بھارت ملا ہوا ہے، نوازشریف بھارت سے پینگیں لڑارہے ہیں، ہمیں بنگلا دیش سے بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئیں۔