گورنر خیبرپی کے  سے چیئرمین واپڈا کی ملاقات، چشمہ لفٹ کینال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی سے خصوصی ملاقات کی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے خیبر پی کے  اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے ، ملاقات میں چشمہ لفٹ کینال منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر واپڈا حکام کے کردار کو گورنر نے سراہا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 1991 کے ارسا معاہدہ کے نتیجہ میں چاروں صوبوں کو ملنے والے پانی کے حق کو تین صوبوں نے استعمال کرنا شروع کردیا جبکہ خیبر پی کے  اس معاہدہ کے تحت ملنے والے پانی کے حصہ سے محروم تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے ہم شکر گزار ہیں جنہوں نے اس منصوبہ کے لئے وفاقی بجٹ میں رقم مختص کی۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال کے حوالہ سے ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مشکور ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے لوک ورثہ میلہ میں سندھ کے مختلف حصوں سے لگائے سٹالز کا دورہ کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن