لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے کہا کہ قوم اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے تمام گناہوں کی معافی مانگے‘ نماز استسقاء اجتما عی توبہ و استغفار اور باران رحمت کی طلب کا ذریعہ ہے۔ آج دنیا کی بڑھتی ہوئی مشکلات و مسائل کی بڑی و جہ اسلام اور قرآن سے رو گردانی ہے۔ ہر مسلمان کو چاہیے کہ اپنی زندگی اسلام کے تابع کرلے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کی اپیل پر پورے پاکستان کی مساجد میں باران رحمت کیلئے نماز استسقاء کا اہتمام کیا گیا ہے، ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ اے اللہ باران رحمت عطا فرما۔ ملک کو سموگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں تمام مشکلات سے نجات عطا فرما اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی عطا فرمائے۔ حرمین شریفین کے تحفظ، باران رحمت اور مقبوضہ کشمیر و غزہ و فلسطین کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کرائی گئی۔