پاک ترکیہ تعلقات پائیدار شرکت داری میں بدل رہے ہیں، وزیر داخلہ   

Nov 16, 2024

بڈاپیسٹ(آئی این پی )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک ترکیہ تعلقات پائیدار شرکت داری میں بدل رہے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی سے ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترکیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے ترکیہ میں 3 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور ترکیہ گہرے مذہبی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاک ترکیہ تعلقات پائیدار شرکت داری میں بدل رہے ہیں۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس کے بعد ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے، جلد اسلام آباد کا دورہ کروں گا۔ترکیہ کے وزیر داخلہ نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان اس ضمن میں ماہرین کا وفد ترکیہ بھیجے، ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا۔ محسن نقوی نے 23 اکتوبر کو انقرہ میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب ہے نہ علاقے دہشتگردی کا خاتمہ عالمی چیلنج ہے، اقوام عالم کو اس ناسور سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ساہا انٹرنیشنل ایکسپو پر بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر ترکیہ کے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔

مزیدخبریں