لاہور‘ ننکانہ‘ سیالکوٹ (نامہ نگاران+ خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) بابا گرونانک کا 555واں یوم پیدائش، سیالکوٹ میں سکھوں کے مذہبی پیشوا سے اظہار عقیدت کیلئے دنیا بھر سے سکھ یاتریوں اور سنگتوں کا سیالکوٹ کے تاریخی گردوارہ بابے دی بیر صاحب میں آمد اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ ایوب بخاری نے گردوارہ بابے دی بیر صاحب کا دورہ کیا اور سیوا دار سردار جسکرن سنگھ سدھو کے ہمراہ گردوارہ کی سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ حکومت پاکستان اور پنجاب کی جانب سے بابا گرونانک کی تقریبات میں اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں اور سکھوں کے مذہبی مقامات پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتریوں نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے گورو گرنتھ کا عظیم الشان جلوس نکالا۔ جلوس میں بابا گورونانک کے ہزاروں عقیدت مند ہندوئوں نے بھی شرکت کی۔ جلوس کے آگے پانچ سکھ نیلے رنگ کے کپڑے پہن کر پیلے جھنڈے اٹھا کر چل رہے تھے جبکہ ان کے پیچھے پانچ پیارے ننگی تلواریں سونت کر چل رہے تھے۔ اس موقع پر پھولوں سے لدی ہوئی ایک بس میں چاندی کی پالکی جس میں گورو گرنتھ رکھا ہوا تھا جو جلوس کے ساتھ آہستہ آہستہ چل رہی تھی ۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا ہے کہ تمام مذاہب قابل احترام ہیں، حکومت پاکستان مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی مذہبی اقلیتوں کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں۔ یاتریوں کی مہمان نوازی ہمارا قومی فریضہ ہے جسے ہم انجام دیتے رہیں گے۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکھ قوم کو جنم دن کی مبارک دی۔ انہوں نے کہا ہم بھارت سے آنے والے یاتریوں کو دل کی گہرائیوں سے پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی و دیکھ بھال کے لیے خصوصی انتظاما ت کیے ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ، چئیرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سید عطاء الرحمان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ رہنمائوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان سکھوں کے مقدس مقامات کی حفاظت اور تزین وآرائش کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ گوردوارہ جنم استھان میں تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے ایک سو نئے کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں۔