پاکستان اور سپین کے مابین کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہونا چاہیے: وزیر نجکاری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپین کی سینٹ افئیرز کمیٹی کے وفد نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری  اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں با ہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور منافع کی شرح کسی بھی ملک سے زیادہ ہے اور مسائل کے باوجود پاکستان مختلف مصنوعات کی بڑی مارکیٹ اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود وسائل کو بہتر انداز میں منظم اور استعمال میں لا کر بہتری لائی جا سکتی ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور سپین کے مابین بزنس ٹو بزنس طریقہ کار کے تحت بڑے پیمانے پر دو طرفہ کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہونا چاہیے کیونکہ آج بھی پاکستان کو اہم مصنوعات میں انفرادیت حاصل ہے جس سے ہم اپنی ایکسپورٹ بڑھا سکتے ہیں۔ بزنس اور انویسٹمنٹ کے لئے آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور انہیں یہاں بہترین ماحول مہیا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن