لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں پہلے آنے سے انکار کے بعد اب بھارت نے پاکستان سے ایونٹ کی میزبانی چھیننے کا بھی منصوبہ بنالیا۔ذرائع کے مطابق چیمپئینز ٹرافی میں سکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے انکاری بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کے تاحال کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کی صورت میں میزبانی کیلئے ''خود'' کو پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان بھارت میچ نہ ہونے پر آئی سی سی براڈ کاسٹرز کو زرتلافی ادا کریگا، جس کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے مذاکرات جاری ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعتراض پر پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کشمیر لے جانے سے روک دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرا ت کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو پاکستان میں سکردو ، ہنزہ اور مظفر آباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ بھارت کے کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اعتراض کیا کہ ٹرافی کو سکردو، ہنزہ اور مظفرآباد کے شہروں میں نہ لے جایا جائے۔آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025کے سلسلے میں پاکستان میںسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کے دورے کو منسوخ کردیا ہے۔ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے شیڈول کا نوٹس لیا ہے اور پی سی بی کو ان شہروں میں ٹرافی کو نہ لے جانے کا کہا ہے۔ آئی سی سی نے پی سی بی کو کہا ہے کہ ٹور کے دوران ٹرافی جن جن شہروں میں جانی ہے اس کو تبدیل کیا جائے۔ فی الحال ٹرافی کے ابتدائی ٹور میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کو رکھا جائے گا۔ ٹرافی ٹور کا آج سے ہونا ہے جو 24 نومبر تک جاری رہے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اس حوالے سے حکومت پاکستان نے بھی بڑی تعداد میں بھارتی فینز کو ویزا دینے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق چمپئنز ٹرافی کے میچز دیکھنے والے فینز کو بڑی تعداد میں ویزے دیئے جائیں گے اور انہیں پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جائیگا۔ پاکستان نے بی سی سی آئی کو بارڈر قوانین میں نرمی کے حوالے سے آگاہ کر دیاہے ، چیمپینز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کے شائقین کو آئی سی سی قوانین کی روشنی میں ویزے جاری کئے جائیں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نہ آنے کی تحریری وجوہات طلب کر لیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے بھارتی خط کی تحریری کاپی مانگی تھی جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو پاکستان نہ جانے بارے زبانی آگاہ کیا تھا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اب آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو تحریری وجوہات بیان کرنے کا کہا ہے، پاکستان تحریری وجوہات ملنے پر ان کے حق میں ٹھوس شواہد مانگ سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق انڈین بورڈ کو پاکستان نہ جانے کی ٹھوس وجوہات دینا ہوں گی، آئی سی سی کو وجوہات کا جائزہ لے کر بھارت کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنا ہو گا۔ پاکستان نہ جانے کی وجوہات جائز نہ ہوئیں تو بھارتی ٹیم کو آنے کا کہا جائیگا، بھارت نہ مانا تو چمپئینز ٹرافی میں 9ویں ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ بھارتی ٹیم کے شریک نہ ہونے سے آئی سی سی کو 50 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوگا، آئی سی سی نے ٹرافی کے نشریاتی حقوق، اشتہارات اور سپانسرشپ سے کمائی کرنی ہے، پاکستان بھارت میچز نہ ہونے سے انڈین بورڈ کے نقصان کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالرز ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کھیلوں کی سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ کھیل ملکوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہوتے ہیں، پاکستان اور بھارت دونوں باہمی تعلقات پر بات کر سکتے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی: بھارت کا پاکستان سے میزبانی چھیننے کا منصوبہ، آئی سی سی نے ٹرافی آزاد کشمیر لے جانے سے روکدیا
Nov 16, 2024