لاہور، اسلام آباد، پشاور، ملتان، نئی دہلی (لیڈی رپورٹر‘ خبر نگار، آئی این پی، این این آئی) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سموگ کی بگڑتی صورتحال پر لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرتی ہوں۔ لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈائون ہوگا۔ دونوں شہروں میں آج ہفتے سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر پابندی لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہیلتھ ڈیسک اور ہسپتالوں میں سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ محکموں کو ادویات وافر کرنے کی ہدایت کی جبکہ شہری موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں۔ سینئر وزیر نے مزید کہا کہ بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے، سموگ ہیلتھ کرائسس میں تبدیل ہو چکا ہے، پنجاب حکومت سموگ کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور سموگ کی روک تھام کے لئے 10 سال کی پالیسی دے دی ہے۔ سینئر وزیر نے مزید کہا کہ سموگ کے باعث صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے، مری میں کھلے رہیں گے۔ کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، ریسٹورنٹس کو شام4 بجے تک کا وقت دیا ہے تاہم ریسٹورینٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سموگ کی لپیٹ میں ہے، دھند کا سیزن بھی شروع ہوگیا ہے، اے کیو آئی لیولز انٹرنیشنل سٹینڈرز کے مطابق خطرناک ہیں، اس وقت سموگ ایک نیشنل ڈیزاسٹر ہے جو ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہو چکی ہے۔ پنجاب میں سموگ کے باعث 2 اکتوبر میں سانس کے امراض میں مبتلا 19لاکھ سے زائد افراد ہسپتالوں میں لائے گئے۔ لاہور 637 ائر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست تھا جبکہ اسلام آباد 264 کے ساتھ دوسرے اور راولپنڈی 253 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے۔ مارکیٹس کو 8 بجے بند کروانے اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ لاہور رات گئے تک متحرک، ضلعی انتظامیہ لاہور کی ہرتحصیل میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، 56 دکانیں اوقات کار کی خلاف ورزی پر سیل، 50 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد، 10 ریسٹورنٹس کو آؤٹ ڈور ڈائنگ پر جبکہ 3 اوپن باربی کیو پوائنٹس کو سیل کیا گیا۔ لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 24 گھنٹوں میں 63 لاکھ کے جرمانے کیے گئے۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ وارننگ و آگاہی مہمات کے بعد اب بس کریک ڈائون جاری ہے، ٹریفک پولیس نے 24 گھنٹوں میں دھواں چھوڑنے والی 3176 گاڑیوں کو 63 لاکھ کے جرمانے کیے۔ پنجاب میں شدید دھند کی وجہ سے مختلف ایئر پورٹس کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ شدید دھند کے باعث 11 پروازیں منسوخ کردی گئی جبکہ 3 پروازوں کو متبادل ایئر پورٹس پر اتارا گیا اور 53 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیبکا کہنا ہے کہ تمام بھٹے اورفرنس بیسڈ انڈسٹری بھی ایک ہفتے کیلئے بند کردی گئی ہیں۔ ریسٹورنٹس کو شام4بجے تک کا وقت دیا ہے تاہم ریسٹورنٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت‘ مریضوں میں اضافے کے پیش نظر ہسپتال میں او پی ڈیز کا وقت رات 8بجے تک کردیا گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ کلاؤڈ سیڈنگ سے جہلم اور گوجر خان میں بارش کی گئی۔ دوپہر دو بجے کلاؤڈ سیڈنگ کی گئی تھی۔ چند گھنٹے بعد جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوئی۔