لندن (فرحان میر سے+ عارف چودھری) صدر مسلم لیگ (ن) و سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سلح پر ہے جبکہ مہنگائی 38 سے پونے 7 پر پہنچ گئی ہے۔ ملک کو دیوالیہ کرنے کا راگ الاپنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں۔ شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں۔ جب بھی مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی ملک نے ترقی کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نومنتخب صدر برطانیہ احسن ڈار کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمد نواز شریف نے شاندار ورکرز کنونشن منعقد کروانے پر احسن ڈار اور اور ان کی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوا شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سینیٹر ناصر بٹ، ڈاکٹر اشرف چوہان، زبیر گل، یوتھ کوآرڈینیٹر خرم بٹ، راشد ہاشمی، ڈاکٹر انجم، ذیشان میر و دیگر بھی موجود تھے۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ چند افراد نے ملک کی بجائے اپنی ذات کیلئے فیصلے کئے اور مجھے نااہل کیا۔ سپریم کورٹ کا چیف جسٹس بننے کا خواب دیکھنے والوں کی دال میں کچھ کالا تھا اسی لئے سب کچھ چھوڑ کر چلے گئے۔ ان کی تنخواہیں دیکھیں اور ان کے اثاثے دیکھیں۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور خدا کرے کہ اب اس ترقی کی راہ میں کوئی خلل نہ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں گھر نہ بھیجا جاتا تو آج کوئی بیروزگار اور بے گھر نہ ہوتا۔ خواجہ محمد آصف کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بیماری کو لیکر جھوٹی خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ میں تھائی رائیڈ کا چیک اپ کروانے یورپ گئی تھی، اب میں ٹھیک ہوں۔ پنجاب حکومت اب پنجاب میں بے گھر افراد کو بغیر سود کے قرضے دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پوسٹنگ ٹرانسفر سفارش کے بغیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ سے بھی نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان دن بدن بدل رہا ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ اب کام کرنے والی حکومت آ گئی ہے۔ اسی لئے جب ایک جماعت احتجاج کی کال دیتی ہے تو عوام لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں اور پھر وہ کے پی کے سے عوام کو لیکر آتے ہیں۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔ پنجاب اور سندھ میں ترقی ہو رہی ہے۔ افسوس کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے دہشتگردی کی کبھی بھی مذمت نہیں کی۔ نومنتخب صدر برطانیہ احسن ڈار نے نواز شریف اور مریم نواز شریف کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) برطانیہ پہلے سے زیادہ متحرک کردار ادا کرے گی۔ عمران خان کا آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر بننے کا خواب مسلم لیگ (ن) برطانیہ نے چکنا چور کر دیا۔ اس کے بعد وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے جنرل باجوہ اور فیض حمید سے مل کر ہمارے خلاف کیا کچھ نہیں کیا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں تین بار وزیراعظم رہا، جیل میں اطلاع ملی کہ میری بیوی فوت ہوگئی ہے، ہم نے بدترین ظلم برداشت کیے، یہ کس بات کا طعنہ دیتے ہیں؟۔ نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنا کوئی ایک منصوبہ دکھا دے جس پر وہ فخر کر سکے، پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی صفر ہے، عدلیہ سے ساز باز کرکے ایک منتخب وزیراعظم کو ہٹایا گیا، انہوں نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم خوش آئند اور بہترین ہے، پارلیمنٹ نے پہلے بھی ایسی ترمیم کی جسے اس وقت کے عدلیہ نے ختم کیا، پارلیمنٹ کو ماضی میں بھی عدلیہ کے غلط فیصلے کے سامنے کھڑا ہونا چاہئے تھا۔