کلر سیداں (نامہ نگار) زمین کے تنازعہ پر گولیاں لگنے سے جاں بحق ہونے والے 28سالہ محمد جمال بھٹی کو جمعہ کے روز یوسی بشندوٹ کے گاؤں گرمالی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ادھر کلر سیداں پولیس نے مقتول کے بھائی محمد غفور کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جس میں اس نے اپنے تحریری بیان میں بتایا کہ وقوعہ کے روز میرے بھائی جمال اور اس کے دوست حسن نواز کی کامران سکنہ پکھڑال وغیرہ کیساتھ معمول تلخ کلامی ہوئی تھی۔دن پونے 12بجے کے قریب میں، میرا بھائی جمال اور اس کا دوست حسن نواز بسواری موٹر سائیکل چوکپنڈوری سے کلر سیداں آ رہے تھے اور جب ہم مہیرا سنگال سٹاپ پر پہنچے تو مسمیان کامران مسلح پسٹل،عدنان مسلح پسٹل،واحد حسین مسلح آہنی راڈ،حیدر مسلح ڈنڈا کھڑے تھے نے راستہ روک لیا اور کامران نے للکارتے ہوئے کہا کہ کل والی تلخ کلامی کا مزہ چھکاتے ہیں،ہم تینوں کو موٹر سائیکل سے نیچے اتار لیا،واحد اور حیدر نے حسن نواز کو پکڑ لیا اور زدو کوب کیا میں چھڑانے کیلئے آگے بڑھا تو دونوں نے مجھے بھی زدوکوب کیا اور اسی اثناء میں کامران نے با نیت قتل میرے بھائی پر بریسٹ فائر کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر گیا۔کامران نے مزید فائر کئے جو کہ ایک فائر مسماۃ نویدہ پروین(راہگیر) کو کمر کی دائیں جانب لگا جس سے وہ بھی شدید زخمی ہو گئی جنہیں ہم پرائیویٹ گاڑیوں میں ڈال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں لے گئے جہاں میرا بھائی محمد جمال اپنی ضربات کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گیا۔
زمین کے تنازعہ پر گولیاں لگنے سے جاں بحق ہونے والا جوان سپردخاک
Nov 16, 2024