کاش! اسلم رئیسانی اپنے فرائض جانتے تو بلوچستان کا یہ حال نہ ہوتا: میرمکرم


لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ہم خیال بلوچستان کے صدر میر مکرم زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کاش اپنے فرائض پہچان سکتے تو بلوچستان کا موجودہ حال نہ ہوتا، لاپتہ افراد اور مسخ شدہ لاشوں کے علاوہ فرقہ وارانہ قتل و غارت پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام حکومت کے رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا لہٰذا وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کو مستعفی ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میر مکرم زہری نے مزید کہاکہ بلوچستان کو خدانخواستہ نقصان پہنچا تو پاکستان کے باقی حصوں پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک کی سیاسی جماعتوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر بلوچستان کے سیاسی مسئلے کو حل کرنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن