”شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ غلط، امریکی سازش کو سمجھنا ہو گا “

Oct 16, 2012


لاہور (سٹاف رپورٹر+خبرنگار) امیر جماعت اسلامی منور حسن، جمعیت علماءپاکستان کے رہنما مولانا اویس نورانی نے کہا ہے کہ امریکہ خود افغانستان میں طالبان سے مذکرات کر رہا ہے جبکہ ہمارے اوپر آپریشن کے لئے دباﺅ بڑھا رہا ہے ہمیں اس کی سازش کو سمجھنا ہو گا شمالی وزیرستان میں طالبان کے خلاف کارروائی کو غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن کبھی بھی کسی مسئلہ کا حل نہیں ہوتا یہ اتنا آسان کام نہیں بہت ہی پیچیدہ کام ہے آپریشن کی بجائے طالبان کے ساتھ بات چیت کرکے ان کو ساتھ ملایا جائے شدت پسندی میں زیادہ تر وہ طالبان ملوث ہیں جو کل تک شمالی اتحاد کے ساتھ اور امریکہ ، انڈیا کے ایجنٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا منور حسن نے کہا کہ پاکستان کے انٹیلی جینس اداروں کو چاہئے کہ پاکستان مخالف طالبان کی نشاندہی کریں اور ان کے خلاف بھرپور کارروائی کریں پاکستان میں طالبان کے خلاف آپریشن کرنے سے نفرت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ مولانا اویس نورانی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن سے ہمیں بڑے پیمانے پر نقصان ہو گا۔ بلوچستان میں آپریشن کے نتائج انتہائی خطرناک ہیں اور پورے صوبہ میں آگ لگی ہے ہمیں اس سے سبق سیکھنا چاہئے۔ دریں اثنا مختلف سیاسی رہنماﺅں نے کہا ہے کہ طالبان کے خلف کارروائی کا فیصلہ فوج نہیں پارلیمنٹ کرے گی۔ دہشت گردی ناقابل برداشت ہے پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں اور فوج کی مشاورت سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا اظہار پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے طالبان کے خلاف فوری کارروائی کے مطالبے کے جواب میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عزیزالرحمان چن نے کہا کہ آپریشن کا فیصلہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد ہی ہو سکتا ہے۔ جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ ملکی مفاد میں ہی کیا جائے گا۔ شوکت بسرا نے کہا کہ اس طرح کے آپریشن کا مخالف ہوں۔ فی الحال طالبان سے بات کرنی چاہئے۔ ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں کے خلاف آپریشن ضرور ہونا چائے۔ اسلم گل نے کہا حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔ دہشت گردوں کو ملک یرغمال نہیں بنانے دیا جائے گا۔ دیوان غلام محی الدین نے کہا کہ آپریشن ایم کیو ایم کے کہنے پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے فیصلے کے بعد ہو سکتا ہے۔ ملکی مفاد میں جو بہتر ہو گا پی پی پی حکومت وہی کرے گی۔ راجہ عامر نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جو مطالبہ کیا وہ اب پاکستان میں کافی لوگ کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کی کارروائیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ ان کی سرکوبی ضروری ہے۔

مزیدخبریں