مکرمی! وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے لاہور میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن پیپلز پارٹی جیتے گی پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہوگی ، گھریلو صارفین کو موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ یہ حکم اس بھولے بھالے وزیر اعظم کا ہے جو حکم دے کر اگلے دن بھول جاتے ہیں کہ انہوں نے عوام سے کیا وعدہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم کی خدمت میں یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ گزشتہ 30 سال میں کبھی ایسا نہیں ہوا تھا کہ سردیوں میں گیس بند ہو ، سردیوں سے بچنے کے لیے گھروں میں ہیٹر بھی جلتے تھے ، گرم پانی کے لیے گیزر بھی آن ہوتے تھے اور جب ضرورت ہو کھانا تیار کرلیا جاتا ہے روٹی کپڑا مکان دینے کا وعدہ کرنے والی پیپلز پارٹی کی بدترین حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں سے سردیوں میں بالکل ہی گیس بند کرکے پنجاب کی عوام سے انتقام لے لیا ہے۔ گیس ہو گی نہ روٹی پکے گی اور نہ پیسے خرچ ہوں گے ۔ بھوکے رہ کر پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں تاکہ حکمران غریب عوام کی مزید خدمت کرسکیں جو کسر ساڑھے سالوں میں رہ گئی وہ بھی پوری ہوجائے ۔افسوس تو اس بات کاہے کہ اس سال گرمیوں میں گھریلو صارفین کے لیے گیس بند کی جارہی ہے لکڑیوں کے ٹال ختم ہوچکے ہیں گیس کی سلنڈر وں کی قیمت ہر ہفتے بڑھا دی جاتی ہے سمجھ نہیں آتاکہ عوام جائیں تو جائیں کہاں۔(اسلم لودھی)