میڈیا احتساب کمشن کیس: پریس کونسل نے فریق بننے کیلئے درخواست دائر کردی


اسلام آباد (ثناءنیوز ) پریس کونسل آف پاکستان نے سپریم کورٹ میںسینئر صحافیوں کی جانب سے میڈیا احتساب کمیشن کے قیام کے لئے دائر مقدمہ میں فریق بننے کے لیے آئینی درخواست دائر کردی۔جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل سپریم کورٹ کا دو رکنی خصوصی بینچ دو سینئر صحافیوں اور دیگرکی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی باقاعدہ سماعت آج (منگل کو)کرےگا۔ پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین کی جانب سے سید علی ظفر ایڈووکیٹ اور زاہد نواز چیمہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پریس کونسل آف پاکستان ایک آذاد و خود مختارآئینی ادارہ ہے جو آرڈیننس 2002 کے تحت قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد پریس کے احتساب کو یقینی بناتے ہوئے عوام اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے جبکہ سیکشن آٹھ کے تحت اس ادارے کی ذمہ داری ہے کہ پریس کی آزادی ، پیشہ وارانہ اور اخلاقی معیار کا جائزہ لیتے ہوئے اخبارات، نیوز ایجنسیز و دیگر میڈیا کے اداروں میں ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ ادارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے بارے میں شکایات وصول کرنے کا اختیار رکھتا ہے اور ان شکایات کی تحقیقات کیلئے کمیشن بھی قائم کرنے کا مجاز ہے لیکن۔درخواست گذار صحافیوں نے آئینی ادارہ پریس کونسل آف پاکستان کو نظر انداز کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے حالانکہ پریس کونسل آف پاکستان ان مقدمات کو سننے کا مجاز ہے۔

ای پیپر دی نیشن