مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)اسرائیل اور مصر کی جانب سے فلسطین کے گنجان آباد غزہ کی پٹی کی سرحدیں سیل کیے جانے کے بعد محصورشہر کے باسیوں کوایک مرتبہ پھر سخت معاشی بحران سے گذرنا پڑا ہے۔ شہر کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح کی بندش کے بعد مصرسے متصل سرحد پرزیرزمین کھودی گئی سرنگیں بھی دوبارہ فعال ہونے لگی ہیں اور مفلوک الحال شہری ان سرنگوں کے راستے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ضروری اشیا سرحد پار سے اسمگل کرنے پر مجبور ہیں۔ غزہ کے شہری اسی زبوں حالی کی کیفیت میں عیدالاضحی منا رہے ہیں۔ معاشی بحران، سرحدوں کی بندش اور مہنگائی نے عید کی خوشیاں بھی گہنا دی ہیں۔ گوکہ اس وقت محصور شہری مصرکی جانب سے ضروری اشیا اسمگل کرتے ہیں مگر مصری فوج نے سرحد پرکھودی گئی سرنگوں کی مسماری کے لیے ایک بڑا آپریشن بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ مصری فوج کا دعوی ہے کہ اس نے غزہ کی سرحد پر کھودی گئی زیرزمین 90 فی صد سرنگیں تباہ کردی ہیں۔
معاشی پابندیوں کے شکار غزہ میں عید الاضحی کی خوشیاں ماند
Oct 16, 2013