اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ نامہ نگار) ملک کے 42 کنٹونمنٹ بورڈ میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے نئے حلقوں اور وارڈز کی بنیاد پر انتخابی فہرستوں کی تیاری شروع کردی ہے، کسی وقت بھی نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ نئی حلقہ بندیوں کے لئے کنٹونمنٹ بورڈز نے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے لئے عوام سے تجاویز اور بعد میں اعتراضات کا موقع دیا گیا تھا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے انعقاد میں سب سے بڑی رکاوٹ صدارتی آرڈیننس ہے جوکہ ابھی تک جاری نہیں ہوسکا۔ کینٹ میں سویلین اور فوج کی نمائندگی کے تناسب پر اختلافات کو ختم کرنے کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی کئی اجلاسوں کے باوجود کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی اور آرڈیننس کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔ حکومت کا موقف ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں پالیسی سازی اور کام چلانے میں عوامی نمائندوں کا کلیدی کردار ہونا چاہئے۔
ملک کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں حلقہ بندیاں مکمل
Oct 16, 2013