عیدالاضحی آج مذہبی جوش و خروش سے منائی جائیگی، سکیورٹی ہائی الرٹ

Oct 16, 2013

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ ثناء نیوز) پاکستان بھر میں آج بدھ کو عید الاضحی انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز پشاور سمیت کئی اضلاع اور قبائلی علاقوں میں منگل کو افغان مہاجرین نے عید الاضحی منائی۔ پشاور میں پانچ مختلف کھلے مقامات پر افغان مہاجرین نے نماز عید ادا کی، اس موقع پر ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ ایبٹ آباد، مردان، بنوں سمیت دیگر اضلاع میں بھی مقیم افغان مہاجرین نے نماز عید ادا کی، قبائلی علاقہ جات مہمند ایجنسی، خیبر ایجنسی سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ روز نماز عید ادا کی گئی۔ ادھرسعودی عرب سمیت عرب کئی ممالک میں بھی عیدالاضحی منائی گئی جبکہ امریکہ اور یورپ میں پھر دو عیدیں ہیں۔ مکہ مکرمہ میں حرم شریف اور مسجد نبوی میں نمازعید کے عظیم الشان اجتماعات ہوئے، جن میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں نے شرکت کی۔ دیگر خلیجی ممالک میں بھی عید قرباں منائی گئی۔ اس کے علاوہ برطانیہ اور امریکہ میں بھی بعض مقامات پر عید منائی گئی۔ متحدہ عر ب امارات سمیت عرب دنیا میں گزشتہ روز عیدالاضحی مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ پاکستان بھر میںآج (بدھ)عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، ملک کے تمام چھوٹے، بڑے شہروں میں نمازعید کے اجتماعات ہوںگے جن کے بعد فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانور قربان کریں گے۔ عید کی نماز مساجد کے علاوہ بڑے میدانوں اور عید گاہوں میں بھی ادا کی جائے گی۔ عید کے موقع پر ملک بھر میں انتہائی سخت حفاظتی انتظامات بھی ترتیب دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جس کے پیش نظر ملک بھر کے ہوائی اڈوں، ریلوے سٹیشنوں اور بس سٹینڈز سمیت اہم عمارتوں کی سکیورٹی میں غیرمعمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب اور سندھ سمیت خیبر پی کے کی صوبائی حکومتوں نے جیلوں کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے جہاں تحریک طالبان پاکستان کے سینکڑوں گرفتار افراد کو رکھا گیا ہے۔ سکیورٹی کے خطرے کے پیش نظر کراچی، پشاور اور راولپنڈی کی اہم جیلوں میں رینجرز اور پولیس کمانڈوز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں بھی سنٹرل جیل اڈیالہ کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جبکہ آج نماز عیداالاضحی کے موقع پر بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور 61491 افسروں اور اہلکاروں کو حساس مقامات، نماز عید کے اجتماعات اور اہم سرکاری عمارت پر تعینات کیا گیا ہے۔ حساس اداروں کی اطلاع کہ دہشت گرد لاہور سمیت صوبہ کے اہم شہروں میں کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں، پر گزشتہ روز سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا۔ گزشتہ رات بکرمنڈیوں، مارکیٹوں اور بازاروں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ عیدالاضحی کے موقع پر آج مساجد، امام بارگاہوں اور نماز عید کے اجتماعات میں نمازیوں کو میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی لیکر اندر داخل ہونے دیا جائے گا۔ مساجد، امام بارگاہوں اور نماز عید کے اجتمجاعات کے قریب گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بڑے شہروں میں سکیورٹی کیلئے موبائل سکواڈ، موٹر سائیکل، گاڑیاں اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں گشت کرینگی۔ اس کے علاوہ اہم شخصیات، عمارتوں اور پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ بڑے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کے علاوہ بس و ویگن سٹینڈز پر بھی نفری تعینات کی گئی ہے۔ 

مزیدخبریں