قائداعظم ٹرافی گولڈ کپ ٹورنامنٹ: واپڈا، پورٹ قاسم، سوئی گیس ، یو بی ایل ، کے آر ایل کی ٹیمیں کامیاب

Oct 16, 2014

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم  ٹرافی گولڈ کے پہلے راونڈ میں واپڈا، پورٹ قاسم، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن اور یو بی ایل کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ نیشنل بنک اور پشاور جبکہ زیڈ بی ایل اور اسلام آباد کے درمیان میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوئے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں واپڈا نے لاہور لائنز ٹیم کو اننگز اور 98 رنز سے مات دی۔ میچ کے چوتھے روز میزبان لاہور لائنز ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے مزید 250 رنز کی ضرورت تھی تاہم پوری ٹیم 156 پر ڈھیر ہو گئی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں پورٹ قاسم نے کراچی ڈولفنز کو 153 رنز سے ہرایا۔ ملتان سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سوئی گیس ٹیم نے ملتان ٹائیگز کے خلاف 7 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی۔ ارباب نیاز سٹیڈیم میں نیشنل بنک اور پشاور کے درمیان کھیلا جانے والا میچ برابر رہا۔ ڈائمنڈ گراونڈ اسلام آباد میں زرعی ترقیاتی بنک اور اسلام آباد لیپرڈز کے درمیان میچ برابر رہا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں یو بی ایل نے راولپنڈی ریمز کو اننگز اور 62 رنز سے مات دی۔ ایل سی سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں قائداعظم ٹرافی سلورکپ میں کے آر ایل نے لاہور ایگلز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ایگلز نے کے آر ایل کو جیت کیلئے 235 رنز کا ہدف دیا جو انہوں نے 5 وکٹوں پر پورا کر لیا۔

مزیدخبریں