لاہور(سپورٹس رپورٹر) پولیس نے تحقیقات کے بعد چار اولمپئنز سمیت آٹھ افراد پر ہونے والے مقدمہ کو خارج کر کے تمام کو بے گناہ قرار دیدیا ہے۔ اس سلسلہ میںاولمپئن انجم سعید اور اولمپئن دانش کلیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اﷲ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ چند ہفتے قبل ہم پر ہونے والا جھوٹا مقدمہ خارج ہو گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے تسلیم کیا ہے کہ غلط فہمی سے مقامی ہوٹل پر پڑنے والے چھاپے میں چار اولمپئنز انجم سعید، دانش کلیم، قمر ابراہیم اور کامران اشرف سمیت آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا تھا۔ انجم سعید اور دانش کلیم نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ پولیس کی جھوٹی کارروائی سے نہ صرف ہماری بلکہ قومی کھیل کی تذلیل ہوئی ہے۔