لاہور (نمائندہ سپورٹس) عامر اطلس نے ایشین گیمز کی ٹیم کا حصہ بننے کے لئے سفارشیں کروائیں، خود یہ فٹنس اور فارم ثابت نہ کر سکے نا ہی ٹرائلز میں حصہ لیا، سلیکشن کمیٹی نے میرٹ پر انہیں جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین گیمز کے لئے ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عامر اطلس کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کو لکھے جانے والا خط گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہے۔ اس خط کے ذریعے عامر اطلس پاکستان سکواش پر دبائو ڈال کر حقیقت چھپانا چاہتے ہیں۔ اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں ہم اس پر بھی کام کر رہے ہیں۔ عامر اطلس نے یہ حرکت کرکے غیر ذمہ داری اور خودغرضی کا ثبوت دیا ہے۔ ہمیں بھی ایشین گیمز میں ناکامی کا دکھ ہے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کو سب سے زیادہ تکلیف ہے۔ ہم ایشیائی کھیلوں میں ناکامی کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ اپنی رپورٹ جمع کروا رہی ہے۔ اس کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی تمام معاملات کو دیکھے گی۔ ایشیائی کھیلوں میں ناکامی کے ذمہ داروں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کریںگے۔ عا عامر اطلس نے وزیراعظم پاکستان کو اس وقت خط لکھا جب بدقسمتی سے ہم کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ ہم نے ایشیا کی سطح پر عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور سارا سال کھلاڑیوں کو کیمپ میں رکھا ہے۔ اب کھلاڑیوں کی بھی کوئی ذمہ داری بنتی ہے۔