لاہور(سپورٹس رپورٹر) انجری مسائل سے نکلنے کے بعد قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ نے باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔ گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں محمد حفیظ نے سعید اجمل کی باولنگ پر بیٹنگ پریکٹس کی۔ اس موقع پر این سی اے کوچ محمد اکرم، ثقلین مشتاق اور دیگر موجود تھے۔ سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی مدد سے سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی درستگی کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔ سعید اجمل نے باؤلنگ ایکشن میں معمولی تبدیلی کے بعد قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس شروع کر دی ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق سعید اجمل کو آئندہ چند روز میں انگلینڈ کے شہر کارڈف میں موجود بائیو مکینک لیب میں باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کرنے کے لئے بھجوایا جائے گا۔ سابق آف سپنر ثقلین مشتاق پرامید ہیں کہ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق 15 ڈگری سے کم ہوجائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سعید اجمل غیر رسمی ٹیسٹ کلیئر کرلیتے ہیں تو بورڈ آئی سی سی سے سعید اجمل کا دوبارہ ٹیسٹ لینے کی درخواست کرے گا تاکہ وہ ورلڈ کپ تک پاکستانی ٹیم کو دستیاب ہو سکیں۔