خیبر ایجنسی +اسلام آباد ( آئی این پی +سپیشل رپورٹ)نیٹو فوج کے پانچ گن شپ ہیلی کاپٹر پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طور خم بارڈر کے اندر گھس آئے۔بدھ کو برطانوی ویب سائیٹ کے مطابق نیٹو فوج کے پانچ گن شپ ہیلی کاپٹرز نے خیبر ایجنسی میں پاکستان افغانستان سرحدی علاقے میں پروازیں کیں اور اس دوران ہیلی کاپٹر پاکستانی سرحدی حدود میں داخل ہوگئے اور دس منٹ تک پرواز کرتے رہے۔ نیٹو ہیلی کاپٹرز نے طور خم بارڈر پر پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی۔ ہیلی کاپٹرز کی پروازیں دیکھ کر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہیلی کاپٹر 10 منٹ کے بعد واپس چلے گئے۔اسلام آباد سے سپیشل رپورٹ کے مطابق نیٹو کے کسی ہیلی کاپٹر نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی۔ عسکری ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا نیٹو ہیلی کاپٹر اپنے علاقے میں پرواز کرتے رہے انہوں نے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی۔ اس سلسلے میں رپورٹیں درست نہیں ہیں۔
خیبر ایجنسی: نیٹو کے 5 گن شپ ہیلی کاپٹر پاکستانی علاقے میں گھس آئے‘ 10 منٹ تک پروازیں
Oct 16, 2014