اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+اے پی پی) قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے والے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کی ڈیڈلائن گذشتہ روز ختم ہو گئی مگر پارٹی کا کوئی رکن سپیکر کے پاس پیش نہیں ہوا۔ گزشتہ روز سپیکر قومی اسمبلی نے عائشہ گلالئی سمیت 3 ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کیا تھا مگر کوئی رکن پیش نہیں ہوا۔ لاہور روانگی سے قبل اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کو دوبارہ آنے کا نوٹس جلد جاری کیا جائے گا۔ آئندہ کے لائحہ عمل پر سوچ بچار کر رہے ہیں جبکہ استعفوں کی تصدیق کرنا میری ذمہ داری ہے جس دن تصدیق کا عمل مکمل ہوگا اسی دن استعفے منظور کر لئے جائیں گے۔ سپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان بے شک اکٹھے آ جائیں مگر استعفوں کی تصدیق انفرادی طور پر ہی ہو گی۔ 15 اکتوبر کو استعفوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہونا تھا تاہم ارکان کے نہ آنے کی وجہ سے یہ عمل مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ ایاز صادق نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یہ ایشو جمہوری انداز میں حل ہو جائے۔ تحریک انصاف کے جتنے بھی دوست ہیں ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے تاہم شادی کی تقریب یا ریسٹورنٹ میں ہونے والی ملاقات کی بنیاد پر استعفے منظور نہیں کر سکتا ہوں۔ ایوان کا ایک تقدس ہے اور اس کو برقرار رکھنا بھی بطور سپیکر میری ذمہ داری ہے۔
ڈیڈلائن ختم، تحریک انصاف کا کوئی رکن استعفوں کی تصدیق کیلئے نہیں آیا، دوبارہ نوٹس دونگا: سپیکر
Oct 16, 2014