اسلام آباد (وقائع نگار ) شاہراہ دستور پر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے دھرنوں کے سکڑنے کے باعث اسلام آباد میں80 مختلف راستوں پر لگائے گئے کنٹینرز ہٹادئیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز انتظامیہ نے پاک سیکرٹریٹ ،پی ٹی وی چوک،ریڈیو چوک،سرینا چوک،ایوب چوک اوردیگرعلاقوں سے کنٹینرز ہٹا دیے ہیں لیکن دھرنے کے شرکا کی سکیورٹی کیلئے لگائے گئے کنٹینرز بدستور موجود ہیں۔دوسری جانب عوامی تحریک کے کارکنوں نے شاہراہ دستور پر اپنی چوکی قائم کر رکھی ہے اور ہر آنے جانے والے شخص کی تلاشی لی جارہی ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی ہدایت پر کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں تاہم شاہراہ دستور پر وزیراعظم ہائوس کی جانب جانے والے راستے پر لگائے گئے کنٹینرز نہیں ہٹائے جائیں گے۔ یہ کنٹینرز 14 اگست سے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے دھرنوں کے باعث اسلام آباد کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر لگائے گئے تھے۔