بھارتی گولہ باری سے مزید 2 خواتین زخمی: مسئلہ کشمیر کے حل تک کشیدگی ختم نہیں ہو سکتی: فوجی ترجمان

Oct 16, 2014

راولاکوٹ/ واشنگٹن/ بیجنگ (آن لائن + اے این این+ بی بی سی) کنٹرول لائن  پر مختلف  علاقوں میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال  فائرنگ اور گولہ باری  کا سلسلہ جاری رہا، محنت کش دو خواتین زخمی ہوگئیں جبکہ متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔ فارورڈ کہوٹہ  کے گائوں کیرنی میں بھارتی فوج کی بلااشتعال  فائرنگ سے دو محنت کش خواتین زخمی ہو گئیں۔  بھارتی فوج نے شہری  آبادی کو نشانہ بنایا۔  علاقے میں سخت  خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثنا  بھارتی فوج نے  راولاکوٹ کے سیکٹر نیزہ پیر میں بھی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاک فوج نے بھی بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ دریں اثناء امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لئے خطرناک ہیں۔ واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل کے زیرِاہتمام فورم سے خطاب میں پاکستانی سفیر نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات کی منسوخی مایوس کن ہے۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ دریں اثناء پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے بلاتفریق خاتمے کے لئے پرعزم ہے، شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا لاجسٹک اور مواصلاتی رابطہ ختم، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تباہ کر دیا گیا ہے، پاکستان کی سرزمین دنیا میں کہیں بھی دہشتگردی کے لئے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی، بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا کوئی جواز نہیں، پاکستان نے کبھی فائرنگ میں پہل نہیں کی۔ چینی میڈیا کے مطابق  بیجنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ پاکستان بغیر کسی تفریق کے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوںکے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ عاصم سلیم باجوہ نے کہاکہ پاکستان دنیا میں دہشت گردی سے متاثرہ  بڑا ملک ہے۔ انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت سے 12 پاکستانی شہری کی شہادت اور 52 کے زخمی ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی جانب سے بلاجواز اور بلااشتعال فائرنگ کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی جانب سے کبھی بھی فائرنگ میں پہلے نہیں کی گئی۔ پاک فوج بھارتی جارحیت کا جواب  دے رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے حل ہونے تک اس قسم کی صورتحال کو روکا نہیں جا سکتا۔ واضح رہے عاصم سلیم باجودہ5روزہ دورے پر چین میں ہیں۔

مزیدخبریں