لاہور(خبر نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین باہمی دوستی، اخوت اور محبت کے انمول رشتوں میں بندھے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لئے چین کے پرخلوص تعاون کی دل سے قدر کرتے ہیں اور چینی کی تیز رفتار ترقی کے ماڈل سے استفادہ کرکے پاکستان میں بھی ہر شعبہ میں خود کفالت اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے اہداف کے حصول کی ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں چین کے تعاون سے جاری ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والے بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ سرمایہ کاری کیلئے چین کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے دور میں پاک چین دوستی کے نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر سن وی ڈانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان کے عوام کے لئے چین کے خیر سگالی کے جذبات اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کی حکومت کی گہری دلچسپی پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہل پاکستان قومی منصوبوں، علاقائی ترقی اور عوامی فلاحی منصوبوںکے لئے فراخدلانہ مالی اور فنی امداد پر چین کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن معاونت اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں چین کے تعاون سے جاری ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والے بری طرح ناکام ہوئے ہیں اور پاک چین دوستی کا سفر روکنے کی کوشش کرنے والے مایوس ہو چکے ہیں۔ چین کے تعاون سے پاکستان میں توانائی اور دیگر شعبوںمیں ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ چین کے سفیر نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اوربحالی کے کاموں کے لئے حکومت کی کاوشوںکو سراہا اور کہاکہ چین پاکستانی عوام کے ہر دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔ پاکستان چین کا بہترین دوست ہے۔ پاک چین تعلقات کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہو سکتی، جو لوگ پاک چین تعاون نہیں دیکھنا چاہتے انہیں مایوسی ہو ئی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صدر لاہور ہائیکورٹ بار شفقت محمود چوہان، دیگر عہدیداروں عامر جلیل صدیقی، محمد احمد چھچھر اور میاں محمد اقبال شامل تھے۔ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ جمہوریت اورجمہوری نظام کے تحفظ کیلئے وکلاء برادری کا عزم ان کے پختہ ارادوں کا ثبوت ہے۔عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلاء برادری نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ عام آدمی کو اس کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے ۔مجھے امید ہے کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی کیلئے بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انصاف کی فراہمی کے نظام میں اصلاحات متعارف کرانے میں وکلاء برادری کا کردار بہت اہم ہے ۔ایسا نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے جس میں سسٹم کا خوداپنا احتساب ہو ۔ وزیراعلیٰ نے وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔ شفقت محمود چوہان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کام کرنا بھی جانتے ہیں اورکام لینا بھی۔ وہ جس عزم اور حوصلے سے کام کررہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ ملک کسی غیر جمہوری رویوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ جمہوری نظام پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنے دم توڑ گئے ہیں۔ تخریبی سیاست سے عوام کی لاتعلقی سے مفاد پرست عناصر کی سیاست دفن ہو گئی ہے۔ دھرنے دینے والوں نے اپنی منفی سرگرمیوں سے ملک میں توانائی کے بحران کے حل اور بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔ ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالا جس پر 18 کروڑ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اورجنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم سے بات چیت کے دوران کہی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کسی بھی مخالفت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے عوامی خوشحالی اور ملکی استحکام وترقی کے قومی ایجنڈے پرزور و شورسے عمل پیرا ہے اور کوئی سازش پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت کو عوامی خدمت کے مشن سے دور نہیں کر سکتی۔ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے حکومت امدادی سرگرمیوںاور بحالی کے منصوبوںمیں مصروف عمل ہے ۔ افواج پاکستان ملک کی بقاء کیلئے امن کے دشمنوں سے برسرپیکار ہیں اور انشاء اللہ ان کی کاوشوں اور قربانیوں سے وطن عزیز امن کا گہوارہ بنے گا۔ مزید براں شہباز شریف سے پاکستان میں سویڈن کے سفیر ٹوماس روسینڈر نے گذشتہ روز یہاں ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورسویڈن کے مابین بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومتی اور نجی سطح پر تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے تعلقات کے فروغ کیلئے ضروری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی ہے۔ سویڈن کے سفیر ٹوماس روسینڈر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے ۔