اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 209 ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔ الیکشن کمشن نے ان ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ قومی اسمبلی کے 40، سینٹ کے 2 ارکان، پنجاب اسمبلی کے 98، بلوچستان اسمبلی کے 9، سندھ کے 28 اور خیبر پی کے اسمبلی کے 32 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ جن دیگر ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ان میں اویس مظفر ٹپی، دانیال عزیز، چودھری جعفر اقبال، قادر شاہ، خورشید جونیجو، پیر صدر الدین، عارف علوی، اشفاق سرور، نجف سیال، سہیل شوکت، سینیٹر قیوم سومرو، شگفتہ جمالی، اویس لغاری، ربانی کھر، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، حیدر علی خان، سینیٹر محمد یوسف، داور کنڈی، عقیب اللہ، علیزہ اقبال، فرحت سیمی، دیوان چند، سردار بہادر خان، شفقت محمود، خواجہ وسیم اور ڈاکٹر حامد خان اچکزئی شامل ہیں۔