لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ شادباغ کے علاقہ میں 4 بچوں کا باپ لڑائی کے بعد ہارٹ اٹیک سے جاں بحق ہوگیا، ورثاء مخالفین پر قتل کا مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گئے۔ پولیس نے وجہ موت دل کا دورہ قرار دے دی۔ ورثاء نے احتجاج پر نعش مردہ خانے جمع کروا دی۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ شادباغ کے علاقہ یسرف کالونی کا رہائشی محنت کش ابراہیم گزشتہ روز واپس گھر جارہا تھا کہ راستے میں اس کے بھائی اسلام کا محلہ داروں سے جھگڑا ہورہا تھا۔ چھڑانے کی کوششوں کے دوران اسے بھی تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا اور گھر پہنچنے پر ابراہیم کو اچانک ہارٹ اٹیک ہوا جس سے موقع پر ہی چل بسا۔ پولیس کے مطابق ملزموں کی ابھی تک پہچان نہیں ہوسکی۔ مقتول کے ورثاء کی جانب سے اگر کوئی درخواست موصول ہوئی تو کارروائی کی جائے گی اور جلد ہی ملزموں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔