لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تبدیلی اور الیکشن محرم الحرام کے بعد کروانے کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے21 اکتو بر کو جواب طلب کر لیا۔ مجلس وحدت المسلمین کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیاکہ الیکشن کمشن نے مرحلہ وار بلدیاتی انتخاب کے پہلے مرحلے کا شیڈول بدنیتی کی بنیاد پر جاری کیا۔ محرم الحرام کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کے موقع پر امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آئین اور عوامی نمائندگی ایکٹ میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے من پسند حلقوں اور اضلاع کا انتخابی شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ لہٰذا امن و مان کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات محرم الحرام کے بعد کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب میں پہلے مرحلے میں 12 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کروائے جانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور امیدواروں کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ پولنگ 31 اکتوبر کو ہو گی۔ الیکشن کمشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لئے پنجاب کے 12 اضلاع لاہور، قصور، فیصل آباد، گجرات، ننکانہ، چکوال، پاکپتن، اوکاڑہ، وہاڑی، بھکر، لودھراں اور بہاولنگر کے لئے انتخابی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ لاہور میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے 1343 کاغذات نامزدگی منظور ہوئے جن میں سے 190 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جبکہ 4 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ 31 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں لاہور سے 1149 امیدوار چیئرمین، وائس چیئرمین کا الیکشن لڑیں گے جبکہ یونین کونسلوں میں جنرل کونسلر کے 6 ہزار 379 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔ ان میں سے 413 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور 64 جنرل کونسلر بلامقابلہ منتخب ہوئے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں 5 ہزار 902 کونسلر حصہ لیں گے۔ لاہور میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایک نمایاں بات یہ ہے کہ چیئرمین کے عہدے کے لئے 7 خواتین اور وائس چیئرمین کے عہدے کے لئے 3 خواتین اور جنرل کونسلر کے لئے 33 خواتین حصہ لے رہی ہیں۔ الیکشن کمشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مذکورہ 12 اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین کے 5 ہزار 242 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے جس میں سے 730 امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لئے جبکہ ان اضلاع میں 12 چیئرمین و وائس چیئرمین کے امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ تاہم 4 ہزار 500 چیئرمین، وائس چیئرمین کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ اس طرح پہلے مرحلے میں ہونے والے 12 اضلاع میں جنرل کونسلر کے لئے 22 ہزار 382 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ان میں سے 2 ہزار 530 نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور 639 امیدوار بلامقابلہ جنرل کونسلر منتخب ہوئے جبکہ 19 ہزار 213 جنرل کونسلر امیدواروں کے درمیان 31 اکتوبر کو پولنگ ہو گی۔