راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ صدر بیرونی کے علاقے چکری روڈ پر جوڑیاں میں انٹیلی جنس فورس کے چھاپے کے دوران جھڑپ میں گھر میں موجود دہشت گرد اپنی بیوی اور 2 بچوں سمیت ہلاک ہو گیا جب کہ ایک خاتون نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جھڑپ میں ایلیٹ فورس کا سب انسپکٹر شہید ہو گیا ایک اے ایس آئی دو کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔ اے ایس آئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے تین مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے اس آپریشن کے دوران دھماکے ہونے اور دھواں اٹھنے سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چکری روڈ پر ایک گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایلیٹ فورس نے ریڈ کیا تو گھر میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس سے سب انسپکٹر ارشاد احمد شہید اور اے ایس آئی ابرار، کانسٹیبل تحسین شاہ، کانسٹیبل عبدالرحمان زخمی ہو گئے اس دوران پولیس کی مزید کمک بھی منگوائی لی گئی دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملے کئے پولیس کے مطابق دہشت گرد کی شناخت قیصر مصطفی کے نام سے ہوئی ہے جس کی بیوی حمیرا قیصر نے بھی دستی بم چلائے اور اپنے دو کم سن بچے محمد اور فیضان مار ڈالے دہشت گرد کی ایک اور ساتھی خودکش جیکٹ پہنے عورت ملکہ خاتون نے خود کو اڑا لیا جس سے ہولناک دھماکہ ہوا خودکش کارروائی سے گھر میں موجود دہشت گرد قیصر مصطفی، اس کی بیوی حمیرا قیصر بھی ہلاک ہو گئے جائے وقوعہ سے پولیس نے تین مشتبہ افراد بھی گرفتار کر لئے جنہیں پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ریجنل پولیس افسر وصال فخر سلطان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد مرزا اٹک کے رہنے والے تھے جن کا تعلق وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خان زادہ کے ڈیرے شادی خان حضرو میں حملہ کے ماسٹر مائنڈ قاری سہیل سے بتایا جاتا ہے جس کے بعد علاقے میں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا گیا پولیس ٹیمیں پورے علاقے میں پھیلا دی گئیں ہلاک دہشت گردوں اور بچوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال پہنچا دی گئیں۔ ادھر رات گئے جب ایلیٹ فورس جوڑیاں کے قریب دہشت گردوں کے گھر کے قریب پہنچی تو زبردست فائرنگ شروع ہو گئی جو تادیر جاری رہی اسی دوران مکان کے اندر سے دستی بم پھینکنے سے دھماکے شروع ہو گئے مقامی آبادی شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے سخت خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے آپریشن صبح ساڑھے چھ بجے تک جاری رہا۔ بعدازاں شہید سب انسپکٹر ارشاد سکنہ کرنالی مندرہ کی نماز جنازہ پولیس لائن نمبر1 میں ادا کی گئی جس میں پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بعدازاں شہید سب انسپکٹر کی میت آبائی گاﺅں بھجوا دی گئی۔
جھڑپ/دہشت گرد ہلاک