ممبئی (نیٹ نیوز) کراچی سے بھارت جانے والے خاندان کو ممبئی میں اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں درجن بھر سے زیادہ ہوٹلوں کا چکر لگانے کے بعد رہائش نہیں دی گئی اور ان 6 افراد کو رات فٹ پاتھ پر گزارنا پڑی۔ خاندانی درگاہ حضرت علی پر حاضری دینے کے لئے ممبئی گیا تھا۔ نوربانو، ان کے بھائی عنایت علی، بھتیجا شکیل اور دیگر افراد ہوٹل یا لاج میں نہ ملنے کے بعد جودھ پور اپنے رشتہ داروں کے پاس جانے کے لئے ریلوے سٹیشن پہنچے تو ریلوے پروٹیکشن فورس نے بتایا کہ ٹرین جا چکی ہے اور صبح کا انتظار کرنا پڑے گا تاہم انہیں ریلوے سٹیشن میں بھی رات گزارنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ شکیل نے بتایا کہ 14 اکتوبر کی صبح ممبئی پہنچنے اور درگاہ پر حاضری کے بعد میں شام تک درجن سے زیادہ ہوٹلوں کے چکر لگاتا رہا لیکن پاکستانی ہونے کی وجہ سے سب نے ہمیں ٹھہرانے سے انکار کر دیا۔ بھارتی حکومت نے ہمیں ویزا جاری کیا ہے تو ہمیں سہولت فراہم کرنے میں کیا مسئلہ ہو سکتا ہے۔ سلمان خان کے فین شکیل نے کہا ہم سلمان خان سے ملاقات کی کوشش کا بھی سوچ رہے تھے مگر ہمیں بڑا تجربہ ہوا ہے اب ہم جلد سے جلد گھر پہنچنا چاہتے ہیں۔
پاکستانی خاندان