لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس گزشتہ روز ایک ہفتے بعد بحال ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز ٹرین کے ذریعے 205 مسافر بھارت چلے گئے جن میں پاکستانی اور بھارتی شہری شامل تھے۔ سمجھوتہ ایکسپریس کی بحالی پر مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا۔ سمجھوتہ ایکسپریس صبح ساڑھے 8 بجے لاہور ریلوے سٹیشن سے روانہ ہوئی اور ساڑھے 9 بجے واہگہ سٹیشن پر پہنچی۔ اس موقع پر مسافروں کے چہرے خوشی سے کھلے ہوئے تھے۔ 2 روز قبل بھارتی ریلوے کی جانب سے پاکستان ریلوے کو ٹرین کی بحالی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔ بھارت کی جانب سے ایک ہفتہ قبل سمجھوتہ ایکسپریس کو بھارت میں جانے سے روک دیا گیا تھا جس سے 210 مسافر متاثر ہوئے جن میں 80 بھارتی شہری تھے۔ آن لائن کے مطابق بھارت جانے والے مسافروں میں 122 بھارتی اور 72 پاکستانی شہری شامل تھے۔ واہگہ سٹیشن پر امیگریشن کے بعد ٹرین بھارت میں داخل ہو گئی۔
سمجھوتہ ایکسپریس ایک ہفتے بعد بحال‘ 205 مسافر بھارت چلے گئے
Oct 16, 2015