لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میٹروبس لاہور منصوبے میں72 ملین کی کرپشن کے معاملے پر نیب سے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔ دو رکنی بنچ نے پاک جرمن کمپنی کے مالک اظہر اقبال کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میٹرو بس لاہور منصوبے کی تعمیر کے دوران پیپرا کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹرنجف اقبال، ایل ڈی اے افسر شبانہ نجف اور فیصل فرید نے الیکٹرک کے کام میں 72 ملین کی کرپشن کی اور درخواست گزار کی کمپنی سے لاکھوں روپے رشوت کی مد میں وصول کئے، ان افسروں نے اپنی فرنٹ مین خاتون یاسمین کے ذریعے بھی سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ نیب کو ان تمام افراد کیخلاف ثبوت فراہم کئے ہیں مگر نیب خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے اور آٹھ ماہ سے ملزموں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی لہٰذا نیب کو مذکورہ سکینڈل کی انکوائری کا حکم دیا جائے۔
میٹروبس منصوبہ میں کرپشن کی درخواست، ہائیکورٹ نے نیب سے رپورٹ مانگ لی
Oct 16, 2015