لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) نرسنگ ہاسٹل کی تقریب میں ڈانس پارٹی پر وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس پر ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر وقار نبی باجوہ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ محکمہ صحت پنجاب نے باقاعدہ انکوائری شروع کر کے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر عبدالباسط کو ایم ایس گنگارام ہسپتال کے اضافی چارج کے احکامات جاری کر دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نرسنگ ہاسٹل میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں نرسز نے امتحان کی خوشی میں ناچ گانا بھی کیا جس پر محکمہ صحت پنجاب نے ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر وقار نبی باجوہ سے وضاحت طلب کر لی۔ اس سلسلے میں ایم ایس ڈاکٹر وقار نبی باجوہ نے بتایا کہ نرسنگ ہاسٹل کی جانب سے ایک درخواست موصول ہوئی جس میں نرسنگ ہاسٹل میں تقریب کی اجازت مانگی گئی، نرسنگ سٹاف نے رزلٹ کی خوشی میں ہلہ گلہ کیا جس کو ڈانس پارٹی کا نام دے دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نتائج کی خوشی میں ہاسٹل میں مقیم سٹوڈنٹس اپنی خوشی مناتی رہتی ہیں اس کو ڈانس پارٹی کہنا غلط ہو گا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گنگارام ہسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں ڈانس پارٹی کی خبر کا نوٹس لیلتے ہوئے مشیر صحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈانس پارٹی پر متعلقہ حکام کیخلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ آن لائن کے مطابق مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس ڈانس پارٹی پر ایم ایس ڈاکٹر وقار نبی باجوہ کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا ہے اور ان کو فوری طور پر محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔
نرسنگ ہاسٹل میں ڈانس پارٹی، ایم ایس گنگارام ہسپتال کو او ایس ڈی بنا دیا گیا
Oct 16, 2015