اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا کردار ادا کرتے رہیں گے اس کے ساتھ حکومتی نااہلی پر سوال اٹھاتے رہیں گے۔ حکومت کے کرپشن سکینڈل سامنے لائیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ میں کرپشن بے نقاب کریں گے۔ حکومت کا طرزحکمت مغلیہ ہے۔ این اے 122 کا نتیجہ قبول کیا ہے۔ نظام کو تبدیل نہیں کیا گیا تو حالات تبدیل نہیں ہونگے۔ قبل ازیں ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ این اے 122 کے نتائج کے حوالے سے وزیراعظم کو کسی قسم کی غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہئے کیونکہ تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کے نتائج تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ اس حلقے میں ووٹوں کے ایک جگہ سے دوسری جگہ تبادلے کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کی تحقیقات بھی انتہائی ضروری ہیں۔ وزیراعظم کی تقریر کے لب و لہجے میں شکایات کے پہلو پر انتہائی تعجیب ہے۔ تمام تر اصولی اختلافات کے باوجود ملک و قوم کی بہتری کیلئے دہشت گردی کے معاملے پر ان کی حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ عمران خان نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کے باوجود دہشت گردی کے موضوع پر بلائی جانے والی کل جماعتی کانفرنسز میں شرکت کی۔ تحریک انصاف انتخابی اصلاحات کے کام میں بھی بھرپور حصہ لے رہی ہے۔