مقبوضہ کشمیر: جھڑپیں اور گرنیڈ دھماکہ‘ 4 مجاہدین شہید‘ 2 بھارتی فوجی ہلاک‘ 3 زخمی

سری نگر (اے این این + نیٹ نیوز+ اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پونچھ میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ میں دو اہلکار ہلاک، تین زخمی ہوگئے، بھارتی فوج کا دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کپواڑہ میں مجاہدین کا فوجی بنکر پردھاوا، گرنیڈ دھماکے میں تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے، نصف درجن سے زائد گاڑیاں تباہ، ڈوڈہ میں بھارتی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید ہو گئے۔ آئی جی پولیس دنیش رانا نے بتایا دونوں سابق پولیس اہلکار تھے۔ ایس پی او چھوڑ کر لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ میں دو بھارتی فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ ترجمان نے بتایاکہ فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو مجاہدین شہید ہوئے ۔ دوسری جانب کپواڑہ میں مجاہدین نے ایک فوجی بنکر پر اچانک دھاوا بول دیا اور گرنیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں 3فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ اس سے نزدیکی عمارات ہل گئیں اور اسکی آواز دوردور تک سنائی دی۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت نے نعیم احمد خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی پولیس آزادی پسند رہنمائوں کا احترام نہیں کرتی، علی گیلانی نے کہا رویے کے سنگین نتائج برآمد ہونگے، حریت رہنمائوں کی آئے روز نظربندی اور ان کے گھروں کے باہر پہرے بٹھانا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ جمعیت اہلحدیث کے صدر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے جسے حل کئے بنا برصغیر میں مستقل امن و استحکام کا قیام ناممکن ہے۔ شبیر شاہ نے کہا نقل و حرکت پر قدغن کی مذمت کی ہے۔ بی بی سی کے مطابق انٹرنیٹ بطور ہتھیار استعمال ہو رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن