شکاگو/ سری نگر( اے این این ) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین اور بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے 25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والے ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور امریکہ، کینیڈا اور یورپ میں مقیم کشمیریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملین مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت کرکے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے جاری ظلم و بربریت کی مذمت کریںکیونکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔جبکہ آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ لندن ملین مارچ بھی کشمیریوں اور پاکستانیوں نے ملکر کامیاب بنایا تھا جبکہ لندن ملین مارچ میں نوے فیصد کشمیری تھے ، امریکہ میں بھی کشمیری اور پاکستانی ملکر نیویارک ملین مارچ کو کامیاب بنائیں گے۔ امریکہ میں پاکستانیوں کی تعداد زیادہ ہے لہٰذا اب 25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے بھی ہمیں اسی جوش و جذبے کے ساتھ ملین مارچ کو کامیاب بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے شکاگو میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کے ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اگر سید علی گیلانی جنکی عمر اسوقت 80 سال سے زیادہ ہے اور انکا یہ جذبہ ہے تو پھر ہمیں صرف تقریریوں سے نہیں بلکہ عملی طور پر نیویارک کو کامیاب بناکر انکی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام قربانیاں دے رہے ہیں اور یہی خون اب رنگ لا رہا ہے۔
علی گیلانی کا 25 اکتوبر کو نیویارک میں ملین مارچ کی حمایت کا اعلان
Oct 16, 2015