سانحہ منٰی میں شہید ہونیوالے پاکستانی حجاج کی تعداد 102 ہوگئی, 15 حجاج تاحال لاپتہ: وزارت مذہبی امور

Oct 16, 2015 | 19:25

ویب ڈیسک

سانحہ منی میں شہید ہونیوالے پاکستانی حجاج کی تعداد ایک سو دو تک پہنچ چکی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اکیاسی شہدا کی سعودی عرب میں تدفین کردی گئی ہے جبکہ مزید پاکستانی حاجیوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک پندرہ حجاج لاپتہ ہیں جبکہ دو پاکستانی حجاج سعودی عرب کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سوات سے تعلق رکھنے والے میاں حیدر شاہ کا علاج کنگ خالد ہسپتال جدہ جبکہ انوری بیگم کا علاج کنگ عبداللہ ہسپتال جدہ میں جاری ہے۔ اسی طرح لاپتہ پاکستانی حجاج میں ایک سرکاری، آٹھ نجی طور پر حج کی سعادت حاصل کرنے والے اور آٹھ اقامہ ہولڈرز ہیں۔ دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے سانحہ منٰی کی اب تک موصول ہونےوالی تمام تفصیلات بھی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ منٰی کے بعد پاکستانی حاجیوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی سعودی عرب میں لاپتہ ہے جن کی شناخت میں حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے اور اس حوالے سے سعودی حکام سے گفت و شنید بھی جاری ہے۔

مزیدخبریں