لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ قائداعظم ٹرافی کی طرز پر ون ڈے ٹورنامنٹ بھی ایک سینٹر کے بجائے ملک کے مختلف سٹیڈیمز میں کروانے پر غور کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں ان دنوں ایک روزہ کرکٹ میں قومی ٹیم کی گرتی ہوئی عالمی درجہ بندی اور مستقبل کے چیلنجز کے پیش نظر ملکی سطح کی کرکٹ میں مختلف تجربات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اسی منصوبے کے تحت قومی سطح کے ون ڈے مقابلوں کا دائرہ بھی ایک سینٹر کے بجائے مختلف سینٹرز تم پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ قومی سطح کے مقابلوں میں"ہوم اینڈ اوے" کی بنیاد پر میچز کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ زیادہ سٹیڈیمز میں میچز کے انعقاد میں تمام مقابلے براہ راست نشر کرنا کس حد تک ممکن ہو سکتا ہے اس سلسلہ میں کن مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس حوالے سے بھی تمام پہلووں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال کلینڈر ائیر میں ابتدائی طور پر پچاس اوورز کا ٹورنامنٹ دو سٹیڈیمز میں کروانے اور بعد میں اسکا دائرہ کار وسیع کرنے پر غور کیا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حال ہی میں ہونیوالے قومی سطح کے ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں دو سٹیڈیمز پر کروانے کا تجربہ کر چکا ہے۔ چند ہفتے قبل ہونیوالا 20،20 ٹورنامنٹ راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو مختلف کنڈیشنڈ اور پچز پر کھیلنے کا تجربہ دلانے کے لیے ایک روزہ ٹورنامنٹ مختلف شہروں میں کروانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اگر دو شہروں میں انعقاد کا تجربہ کامیاب ہوا تو جلد ہی قومی سطح کی ون ڈے کرکٹ میں بھی کھلاڑی ایک سے زیادہ سیٹیڈیمز میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔
پی سی بی کا قائداعظم ٹرافی ون ڈے ٹورنامنٹ مختلف سٹیڈیمز میں کرانے پر غور
Oct 16, 2016