دبئی ٹیسٹ: برائوو ، سیموئلز کی نصف سنچریاں، ویسٹ انڈیز کے6 وکٹوں پر315 رنز

لاہور ( نمائندہ سپورٹس )متحدہ عرب امارات میں ایشیا کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے مارلن سیموئلز اور براوو کے بعد کالی آندھی کی بیٹنگ لڑا کھڑا گئی ۔کالی آندھی نے دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کے پہلی اننگز کے سکور 579 رنز کے جواب میں تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر315رنز بنالیے ۔دبئی میں کھیلے جارہے ایشیا کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز ہواتو ویسٹ انڈیز کا سکور ایک وکٹ پر 69 رنز تھا۔بریتھویٹ تیسرے روز آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر یاسر شاہ کی وکٹ بنے تاہم انھوں نے گزشتہ روز ڈیرن براوو کے ساتھ مل کر 31 رنز کی شراکت قائم کی تھی اور 32 رنز بنائے تھے۔براوو کا ساتھ دینے کے لیے مارلن سیموئلز میدان میں آئے اور پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 113 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی اور ویسٹ انڈیز ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکال لیا تاہم 182 کے مجموعی سکور پر سیموئلز 72 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔جرمین بلیک ووڈ نے براوو کے ساتھ مل کر 77 رنز جوڑے اور 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد روسٹن چیز صرف 6 رنز کا اضافہ کرپائے اور وہاب ریاض کا نشانہ بنے اس وقت ویسٹ انڈیز کا سکور 266 رنز تھا۔300مجموعی سکور پر براوو بھی ہمت ہار گئے ۔ انہوں نے 287گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 87رنزبنائے اور محمد نواز کی گیند پر اظہر علی کو کیچ تھما بیٹھے ۔کالی آندھی نے 6وکٹوں کے نقصان پر 315رنز بنالئے ہیں ۔ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے پہلی اننگز کا سکور کو برابرکرنے کے لیے مزید 264 رنز درکار ہیں جبکہ چار وکٹیں باقی ہیں ۔ شین ڈاؤریچ 27جبکہ کپتان جیس ہولڈر 10رنز بناکر کھیل رہے ہیں ۔پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے دو دو جبکہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔یاسر شاہ کو ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کے قریب پہنچے ہیں اور انھیں اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے مزید 3 وکٹیں درکار ہیں۔قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیاتھا اور اظہرعلی کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 579 رنز بنا کر ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن