گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت عوام کو سفارش‘ رشوت اور قطاروں سے بچانے کے لئے ہر ڈویژن میں ای خدمت مرکز قائم کررہی ہے جہاں بلدیاتی‘ ضلعی اور وفاقی محکموں کی خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے ای خدمت مرکز کا سافٹ لانچ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آر پی او محمد طاہر‘ ڈی سی او محمد عامر جان‘ سی پی او وقاص نذیر‘ ڈی جی ای گورننس پی آئی ٹی بی ساجد لطیف‘ ڈائریکٹر محمدوسیم بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے پہلے راولپنڈی ‘ لاہور‘ سرگودھا اور ساہیوال میں ای خدمت مراکز قائم ہوچکے ہیں جہاں عوام کو ڈومیسائل‘ شادی و طلاق سرٹیفکیٹ‘ پیدائش واموات سرٹیفکیٹ‘ لرننگ ڈرائیونگ لائسنس‘ روٹ پرمٹ‘ شناختی کارڈ وغیرہ تقریبا15 خدمات ایک ہی چھت تلے مل رہی ہیں۔