گجرات: اہلیہ کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا، سیالکوٹ: جھگڑے پر بیوی کو آگ لگا دی

Oct 16, 2016

سیالکوٹ/ گجرات (نامہ نگاران) سیالکوٹ میں شوہر نے گھریلو جھگڑے پر بیوی کو آگ لگا دی، گجرات میں جہیز کم لانے پر خاوند نے والدہ سے مل کر پٹرول چھڑک کر اہلیہ کو زندہ جلا ڈالا۔ تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کے تھانہ حاجی پورہ پولیس کے مطابق بشارت علی نے اپنی بیٹی کومل بی بی کی شادی کچھ عرصہ قبل تعظیم سے کی تھی اور دونوں فتح گڑھ میں رہائش پذیر تھے۔ گزشتہ روز معمولی گھریلو جھگڑے کے بعد تعظیم نے اپنی یبوی کومل بی بی پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں وہ بری طرح جھلس گئی۔ پولیس نے بشارت علی کی رپورٹ پر تعظیم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ کے گائوں سید پور کلاں کی 28سالہ افشاں کی شادی گجرات کے نواحی گائوں ٹانڈہ کے رہائشی ڈرائیور عبدالمجید کے ساتھ ہوئی۔ شادی کے کچھ دنوں بعدہی جہیز کم لانے پرجھگڑے شروع ہو گئے عبدالمجید نے سسرالیوں سے گاڑی لیکر دینے کا مطالبہ کیا۔ انکار پر اُس نے اپنی والدہ مقبول بی بی کیساتھ ملکرتین بچوں کی ماںاپنی بیوی افشاں کو بیدردی سے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ۔ اسے عزیز بھٹی شہید ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں وہ چند گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق افشاں کا جسم 80فیصد جھلس گیا، پولیس نے مقتولہ کے والد نثار احمد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے اسکے خاوند عبدالمجید کو گرفتار کر لیا جبکہ والدہ فرار ہو گئی۔

مزیدخبریں